| ڈر کے اہلِ ستم سے لکھتے ہیں |
| مصلحت کے قلم سے لکھتے ہیں |
| بندگی کی سند جبیں پر لوگ |
| خاکِ دیر و حرم سے لکھتے ہیں |
| وہی اگلے جنم میں لکھّیں گے |
| جو وہ پچھلے جنم سے لکھتے ہیں |
| اپنی رودادِ جادہ پیمائی |
| ہم تو نقشِ قدم سے لکھتے ہیں |
| آجکل لوگ داستانِ حیات |
| خامۂ رنج و غم سے لکھتے ہیں |
| حال دل ہم جو لکھتے ہیں شاعرؔ |
| فکر و فن کے قلم سے لکھتے ہیں |
معلومات