| اغیار کا قبول ہے میرا سلام رد |
| بدنام مسندوں پہ ہیں اور نیک نام رد |
| کیسی یہ دل لگی ہے کہاں کا یہ عشق ہے |
| دشمن تو محترم ہے ، مرا احترام رد |
| اس واسطے کیا ہی نہیں اہتمامِ عشق |
| محبوب کر نہ جائے سبھی انصرام رد |
| آیت پڑھیں گے توڑ کے اپنے مفاد کو |
| بس دل پسند رکھتے ہیں باقی تمام رد |
| بے آبرو کِیا ہے ، سرِ انجمن ہمیں |
| جیسے کہ خوش کلام کرے بد کلام رد |
| سو مشکلات آتی ہیں آسان کچھ نہیں |
| یہ کیا کہ راہِ عشق میں کوچ و مقام رد |
| سِدْویؔ تجارتوں میں عجب بھید بھاؤ ہے |
| آجر کو من پسند دیں مفلس کا دام رد |
معلومات