| چھیڑ کے آگ بجھی پھر سے ہوا دیتے ہو |
| مجھ کو ہر روز کوئی زخم نیا دیتے ہو |
| شام ہوتے ہی کہیں دور افق کے جگنو |
| منتظر آنکھ کی چوکھٹ پہ بٹھا دیتے ہو |
| مجھ سے مجبور پہ احسان تو کرتے ہو پر |
| چوٹ گہری سی کہیں دل پہ لگا دیتے ہو |
| ہم سے ملتے ہو بہت ٹوٹ کے اکثر یوں تو |
| پھر بنا کے مجھے مجرم سا سزا دیتے ہو |
| جان دینے کی اجازت بھی نہیں ہے ہم کو |
| لے کے وعدہ ہمیں مرنا بھی بھلا دیتے ہو |
| چاک پر مجھ کو سجا لیتے ہو جب بھی چاہو |
| جو بھی در کار ہو تم وہ ہی بنا دیتے ہو |
| درد دل کے مرے چہرے سے ہیں ظاہر شاہد |
| ہجر کی سولی پہ کیوں پھر بھی چڑھا دیتے ہو |
معلومات