| جب لگائی رواج کی قیمت |
| ہو گئی کم سماج کی قیمت |
| جانے کب تک ادا کریں گے ہم |
| ایک دانہ اناج کی قیمت |
| کسی مزدور کو یہ علم نہ تھا |
| جان ہے احتجاج کی قیمت |
| سرِ بازار ہے محبت بھی |
| نہیں میرے مزاج کی قیمت |
| آپ لائے ہیں نرخ کل والے |
| دیجیے دل کی آج کی قیمت |
| جسے انکار کرتے آئی لاج |
| اب چکاتی ہے لاج کی قیمت |
| لہو گرماتا ایک نعرہ ہے |
| شاہ کے تخت و تاج کی قیمت |
| عرقِ جان سے دی مفلس نے |
| اپنی بیٹی کے داج کی قیمت |
| ہر مرض کا علاج ہوتا ہے |
| پاس ہو جب علاج کی قیمت |
معلومات