| قَابَ قوْسَیْن پہ جانے کے لئے آپؐ آئے |
| سُوئے رَحمان بُلانے کے لئے آپؐ آئے |
| مُنعکس آپؐ کی صُورت میں ہُوا وَجْہُ اللہ |
| حُسنِ جانان دِکھانے کے لئے آپؐ آئے |
| روزِ میثاق سے بچھڑی ہوئی سب روحوں کو |
| رُوحِ اعظم سے ملانے کے لئے آپؐ آئے |
| آپؐ کی دید حقیقت میں وِصالِ حق ہے |
| ہم کو معراج کرانے کے لئے آپؐ آئے |
| آپؐ کے نُور سے کافور ہوئی ہے ظُلمت |
| نُور کے دیپ جلانےکے لئے آپؐ آئے |
| رَب کی نُصرت سے ملی آپؐ کو فتحِ مُبین |
| زورِ باطل کو مٹانے کے لئے آپؐ آئے |
| آپؐ سُلطانِ جہاں ہو کے بھی ہیں فرش نشیں |
| سادگی ہم کو سکھانے کے لئے آپؐ آئے |
| آپؐ کو اس لئے قُرآن پُکارے ہے حَریص |
| ساری اُمت کو بچانے کے لئے آپؐ آئے |
| جب تلک آپؐ ہیں ہم میں، نہ عذاب آئیں گے |
| یہ ضمانت بھی دِلانے کے لئے آپؐ آئے |
| ہجر کی آگ میں جلتے ہوئے پروانوں کو |
| جام کوثر کا پِلانے کے لئے آپؐ آئے |
| اپنے اعمال سے مایوس غُلاموں کو شَہا |
| حُکمِ "لَا تَقْنَطُوْا" سُنانے کے لئے آپؐ آئے |
| کس میں دَم ہے کہ نِبھائے دو جہاں کی سنگت |
| دونوں عالَم میں نِبھانے کے لئے آپؐ آئے |
| حُسنِ ظَن ہے یہ مِرا اور یقیں ہے کہ مُجھے |
| کالی کملی میں چُھپانے کے لئے آپؐ آئے |
| میرے خوابوں میں جو آئے تو کہا ہے دل نے |
| مُجھ کو اپنا ہی بنانے کے لئے آپؐ آئے |
| کوئی محروم نہیں ہے دَرِ رحمت سے غُلام |
| رَب کی رحمت کو لُٹانے کے لئے آپؐ آئے |
معلومات