خود اپنے ہاتھ کا شہکار توڑنے والا |
عجیب ہے مرا معمار توڑنے والا |
بلائے ہجر خدوخال کھائے جاتی ہے |
ہے کوئی وقت کی رفتار توڑنے والا؟ |
میں توڑ دوں گا رقیبوں کی ہڈیاں فرہاد |
تری طرح نہیں کہسار توڑنے والا |
وہ میرے خواب کی ہے منزلت سے ناواقف |
سمجھ کے شے اسے بیکار توڑنے والا |
خدا کے واسطے کر غور چال پر اپنی |
ہے اپنی توبہ گنہگار توڑنے والا |
زیادہ دیر نہیں قید سے رہائی میں |
ہمارا صبر ہے دیوار توڑنے والا |
میں جنگ جیت چکا ہوں ، کہاں گیا مرا دوست |
کہاں گیا مری تلوار توڑنے والا |
دلوں کو جوڑنے پر فلم اک بنا رہا ہوں |
تمہارا جس میں ہے کردار توڑنے والا |
جو سچ کہوں تو ابھی تک عزیز ہے مجھ کو |
قمرؔ مرا بتِ پندار توڑنے والا |
قمرآسیؔ |
معلومات