| ہٹا کر جھوٹ سے پردہ صداقت کون لکھے گا؟ |
| اگر ہم بھی چھپائیں تو حقیقت کون لکھے گا؟ |
| اگر تم جھوٹ، رشوت اور مکاری سے جیتو گے |
| تو پھر ایسی سیاست کو سیاست کون لکھے گا؟ |
| بہائے کتنے تو نے خون تخت و تاج کی خاطر |
| نبھائی تُو نے کس کس سے عداوت کون لکھے گا؟ |
| قصیدے شاہ کے لکھنے میں جب مصروف ہوں سارے |
| تو پھر بھوکی رعایا کی شکایت کون لکھے گا؟ |
| کہانی ظلم کی ہر شخص کو معلوم ہے لیکن |
| کرے گا کون پر لکھنے کی جرات، کون لکھے گا؟ |
| یہ مانا شاعری تو خوب لکھتا ہے مگر تیرے |
| فنِ تحریر کو فہم و فراست کون لکھے گا؟ |
| یہاں ہر شخص ہی مصروف ہے پیسے کمانے میں |
| حقیقت میں تو سچ لکھنا ہے دولت کون لکھے گا؟ |
| تمہاری وجہِ شہرت تو فقط ہے خوف اے ظالم |
| تمہارا نام دنیا میں محبت کون لکھے گا؟ |
| اگر ہر بار گھبراؤ گے تم حق بات کہنے سے |
| تمہاری بزدلی کو پھر شرافت کون لکھے گا؟ |
| جہاں انسان کی اپنی کوئی قیمت نہیں |
| وہاں انسان کے جذبوں کی قیمت کون لکھے گا؟ |
معلومات