کبھی یوں ہے کہ تری یاد سحر سے پہلے
شب کے ماتھے پہ کسی خواب کی شبنم اترے
کبھی یوں ہے کہ ترے ہجر کی بے نام کسک
جیسے ویران سے چہرے پہ تبسم اترے
کبھی یوں ہے کہ تری آنکھ کا مبہم جادو
فکر کے دشت میں اک قافلۂ نور لگے
کبھی یوں ہے کہ ترا عکسِ گریزاں مجھ کو
اپنے ہی سایۂ بے نام کا منشور لگے
تیرے ہونے سے فضا ایسی منور تھی کبھی
جیسے صحرا میں کوئی موسمِ گل ٹھہرا ہو
تیری فرقت میں مگر اب یہ ہوا ہے جیسے
شہر کے بیچ کوئی قافلہ گم گشتہ ہو
میں نے دیکھا ہے کہ جب شام لہو روتی ہے
وقت خاموش دریچوں میں دھواں بوتا ہے
اور کسی گوشۂ جاں میں تری خوشبو کا چراغ
دن کو ہنستا ہے مگر رات کو پھر روتا ہے
تو اگر شخص تھا تو اتنا فراواں کیوں تھا؟
تیرے احساس میں اس درجہ حرارت کیوں تھی؟
تو اگر خواب تھا پھر اتنی حقیقت کیوں تھی؟
دل کے ملبے میں ترے نام کی حرمت کیوں تھی؟
ہم نے اک عمر تجھے صرف محبت سمجھا
اور پھر جانا محبت بھی اشارہ ہے کوئی
ایک گم گشتہ حقیقت کی طرف کھلتا ہوا
روح کے بند دریچوں کا دریچہ ہے کوئی
رات بڑھتی ہے تو خاموش ستاروں کی طرح
بے صدا زخم بھی تہذیبِ سخن پاتے ہیں
اور وہ خواب جو آنکھوں میں جگہ پا نہ سکیں
تیری گفتار سے معنی کا بدن پاتے ہیں
کبھی محسوس ہوا، تو مرے باہر بھی نہیں
اور کبھی یوں کہ رگ و جاں میں رواں ہے اب تک
کبھی یوں ہے ترا قرب ٬ کوئی وہمِ لطیف
اور کبھی یوں کہ یہی وہم جہاں ہے اب تک
یہ جو اثبات کا ساماں ہے، یہ بازارِ نمود
اس کے ہر رنگ میں اک پردۂ ناپید بھی ہے
ہر حقیقت کے تعاقب میں چلے جاؤ اگر
دستِ ادراک میں اک حلقۂ تردید بھی ہے
اس لیے تیری طرف لوٹ کے آتا ہے خیال
تجھ میں گم ہو کے بھی خود اپنی خبر ملتی ہے
تیری خاموشی کے بے حرف و صدا شیشے میں
روح کو اپنی ہی آوازِ دگر ملتی ہے
اب بھی جب رات کسی درد کا عنوان لکھے
چاند ٹوٹے ہوئے کاغذ پہ بکھر جاتا ہے
موسمِ ہجر کسی حرفِ مکمل کی طرح
دل کے اوراق پہ خاموش اتر جاتا ہے
ہم کہ تعبیر کے صحرا میں بھٹکنے والے
خواب کو خواب کی صورت میں بچا لاتے ہیں
اور اس عہدِ فراموش کے مے خانے سے
اک نئی آس کے ساغر کو چرا لاتے ہیں
سو ترے ہجر کو ہم صرف جدائی نہ کہیں
یہ بھی ممکن ہے کسی اور سفر کا در ہو
یہ ترا ہجر فقط ہجر نہیں کیا معلوم
میری منزل کی نشانی کا کوئی پتھر ہو
آخرِ شب یہی محسوس ہوا تھا مجھ کو
جیسے اک بحر مرے قطرۂ جاں میں اترے
میں جسے نام دیا کرتا تھا تنہائی کا
وہی ہر شے کے پسِ پردہ نمایاں نکلے
خواب، تعبیر، محبت، غمِ ہجراں، سب کچھ
ایک ہی نور کے پھیلاؤ کا منظر ٹھہرے
اور پھر دیر تلک دل کا عجب حال رہا
شبِ تاریک میں جیسے کوئی جگنو اترے
عابد بنوی

0