| دیکھو تو ایک شخص نے کیا کیا بدل دیا |
| آتے ہی اُس نے وقت کا دھارا بدل دیا |
| کشتی کو اپنی لے گئے کیوں دوسری طرف |
| طوفاں کے ڈر سے آپ نے دریا بدل دیا |
| کیسے کریں گے اُس سے وفا کی امید ہم |
| جس نے ذرا سی بات میں لہجہ بدل دیا |
| جس دن سے پڑ گیا ہوں میں الجھن کے درمیاں |
| اپنوں نے میرے گھر کا ہی رستہ بدل دیا |
| اُس کو وفا پرست نہ لکھیں گے ہم کبھی |
| جس نے ستم کے ڈر سے قبیلہ بدل دیا |
| اُس آدمی کی بات پہ ہم غور کیا کریں |
| جس نے ذرا ذرا میں ارادہ بدل دیا |
| ہے جس کا نام موت وہ شایاں ہے اس طرح |
| جیسے کسی نے چپکے سے کمرہ بدل دیا |
معلومات